عید الاضحیٰ پر پاکستان ریلویز کا خصوصی ٹرین آپریشن، ملک بھر میں 3 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

عید الاضحیٰ پر پاکستان ریلویز کا خصوصی ٹرین آپریشن، ملک بھر میں 3 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

عید الاضحیٰ کے موقع پر مسافروں کی بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان ریلویز نے ملک بھر میں تین خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے تاکہ عوام کو عید کے دوران سفر میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

پاکستان ریلویز کے ترجمان کے مطابق پہلی خصوصی ٹرین آج صبح 10 بجے کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ یہ ٹرین 8 اکانومی بوگیوں اور ایک پاور وین پر مشتمل ہے، جس میں 500 سے زائد مسافروں کی گنجائش موجود ہے۔یہ ٹرین اپنے سفر کے دوران سبی، جیکب آباد، سکھر، ملتان اور لاہور جیسے اہم اسٹیشنز سے گزرے گی اور 24 مئی کو راولپنڈی پہنچے گی۔ انتظامیہ نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ٹرین کا آپریشن بروقت اور محفوظ طریقے سے مکمل ہو۔شیڈول کے مطابق دوسری خصوصی ٹرین 24 مئی کو کراچی سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی، جو ملتان، فیصل آباد اور سرگودھا کے راستے اپنی منزل تک پہنچے گی۔ جبکہ تیسری اور آخری عید اسپیشل ٹرین 25 مئی کو کراچی سے لاہور کے لیے چلائی جائے گی۔

ریلوے حکام کے مطابق ان تینوں خصوصی ٹرینوں میں 7 سے 8 کوچز شامل کی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔تاہم عید اسپیشل ٹرینوں کے روٹس میں پشاور کو شامل نہ کیے جانے پر وہاں کے مسافروں میں تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ انہیں اس سہولت سے محروم رہنا پڑے گا۔پاکستان ریلویز نے کہا ہے کہ مسافروں کی سہولت کے لیے اسٹیشنوں پر اضافی انتظامات کیے جا رہے ہیں اور سیکیورٹی و شیڈول پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔