عید کے ایام میں کھالیں اکٹھی کرنے والی غیر قانونی تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے:ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ جرم سرزد ہونے کی صورت میں ایس ایچ اوز جائے وقوعہ پر خودپہنچیں۔ عید کے ایام میں کھالیں اکٹھی کرنے والی غیر قانونی تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں۔شہریوں میں اپنا اعتماد بحال کریں،تھانوں میں آئے سائلین کوخود سنیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سٹی ڈویڑن کی انسدادِجرائم میں میٹنگ کے دوران افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایس ایس پی آپریشنزتوقیر نعیم، ایس پی سٹی، سرکل افسران اورایس ایچ اوز اس موقع پرموجودتھے۔ میٹنگ میں سٹی ڈویڑن کی رواں ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ اورنگ محل کو ریسپانس ٹائم مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ درست دفعات کے تحت، ٹائم لائن میں مقدمات کااندراج یقینی بنائیں۔ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کو گرفت میں لیں۔ مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں، شہریوں کوبھرپور سکیورٹی فراہم کریں۔ فیصل کامران نے کہاکہ عید کے ایام میں تھانوں کی حوالات کی سخت نگرانی، سکیورٹی یقینی بنائیں۔چاند رات، عید اجتماعات، پارکس کی سکیورٹی کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین ہراسگی کے واقعات پر زیروٹالرنس ہے،واقعہ رونما ہونے کی صورت میں فوری قانونی کارروائی کریں۔ فیصل کامران نے مزید کہا کہ عید پر نقب زنی کی وارداتوں کے تدارک کیلئے اقدامات کئے جائیں۔تھانوں کی سطح پر شہریوں کے مسائل حل کئے جائیں۔