13 ہزار 728 مرد، 7 ہزار 48 خواتین اور 14 ہزار 366 بچے ڈی پورٹ ہوئے
163 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود:ترجمان پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر سے 35 ہزار سے زائد افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کر چکی ہے جبکہ 163 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 13 ہزار 728 مرد، 7 ہزار 48 خواتین اور 14 ہزار 366 بچے شامل ہیں۔ ڈی پورٹ ہونے والوں میں 10 ہزار 898 رہائشی ثبوت رکھنے والے، 11 ہزار 131 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز جبکہ 13 ہزار 113 غیر قانونی مقیم غیر ملکی شامل ہیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔