ڈی پورٹ غیر قانونی مقیم باشندوں کی تعداد 8478 تک پہنچ گئی

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کی صوبہ بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کی انخلا مہم تیزی سے جاری ہے جس کے تسلسل میں لاہور سمیت صوبہ بھر سے اب تک ڈی پورٹ کروائے گئے غیر قانونی مقیم باشندوں کی تعداد 8478 تک پہنچ گئی اور مہم کے دوران 9304 سے زائد غیر قانونی مقیم باشندوں کو ہولڈنگ سنٹرز پہنچایا جا چکا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 806 غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔لاہور میں 05 جبکہ صوبہ بھر میں 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کی طرح بین الاقوامی قوانین کے تحت ڈی پورٹیشن پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اے سی سی ہولڈرز سمیت 89 ہزار کے قریب غیر قانونی مقیم افراد کا تمام ڈیٹا موجود ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو قبل از وقت ملک سے چلے جانے بارے آگاہ کیا گیا تھا۔ وفاقی حکومت، حساس ادارے، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی، غیر قانونی مقیم باشندوں کی انخلا مہم کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ پاکستان میں غیرقانونی مقیم باشندے کسی بھی قومیت سے ہوں انھیں واپس اپنے ملک جانا ہو گا۔ غیر قانونی مقیم شہریوں کے پنجاب سے انخلا کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور انخلا کے عمل کے دوران ہیومن رائٹس کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی تارکین کے انخلا کے عمل میں تیزی لائیں۔