تخفیف جرم کسی صورت برداشت نہیں، درست جرم کا اندراج کریں:فیصل کامران
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں کے اطراف پٹرولنگ بڑھائی جائے۔ تخفیف جرم کسی صورت برداشت نہیں، درست جرم کا اندراج کریں۔کرپشن پر زیروٹالرنس کی پالیسی ہے، معافی نہیں ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ماڈل ٹاؤن ڈویڑن کے افسران سے انسدادِ جرائم میٹنگ کے دوران کیا۔ایس ایس پی آپریشنزتوقیر نعیم،ایس پی ماڈل ٹاؤن،سرکل افسران وایس ایچ اوز موجودتھے۔میٹنگ میں ڈویڑن کی رواں ماہ کی انسدادِ جرائم کارروائیوں کاجائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او کاہنہ کو کرائم کنٹرول کرنے جبکہ ایس ایچ اوزغالب مارکیٹ اور ایس ایچ او نشترکالونی کو ریسپانس ٹائم مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ فیصل کامران نے کہا کہ پبلک سروس ڈیلیوری مزیدبہتر بنائیں۔خواتین کو تھانوں میں غیر ضروری انتظار نہ کروایا، نہ ہی مغرب کے بعد بلایا جائے۔انہوں نے ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن کو رابری و چوری کی وارداتوں کے تدارک کیلئے موثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاریاں عمل میں لائیں، ٹارگٹ پورے کریں۔منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائیں۔ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کو گرفت میں لیں۔ فیصل کامران نے کہا کہ عید سے قبل اپنے علاقوں کی امام مساجد سے ملاقات کریں۔ لاؤڈسپیکر ایکٹ پر من وعن عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے ایس ایچ اوزکو اپنے ماتحت اہلکاروں کا خیال رکھنے کی بھی ہدایت کی۔