یورپ کے مختلف ممالک میں سائبر حملوں کے نتیجے میں سپرمارکیٹس کے فریج اور کولنگ سسٹم متاثر ہوگئے، جس کے باعث خوراک کو محفوظ رکھنے اور اس کی فراہمی کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
حملوں سے سویڈن، بیلجیم، لکسمبرگ اور آئرلینڈ کے اسٹورز متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔سائبر حملوں کے باعث آئرلینڈ کے 13 اور بیلجیم کے 15 سپرمارکیٹس کے کولنگ سسٹم میں خرابیاں پیدا ہوئیں، جس کے نتیجے میں وہاں خوراک کو مناسب درجہ حرارت پر محفوظ رکھنے کے انتظامات متاثر ہوئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سویڈن میں بعض فریزرز کا درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچ گیا، جس سے ان میں موجود خوراک کے خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ خوراک کو محفوظ رکھنے کے لیے مخصوص درجہ حرارت برقرار رکھنا ضروری ہوتا ہے، اس لیے کولنگ سسٹم میں خرابی سے اشیائے خورونوش کے ذخیرے اور سپلائی متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
یورپی حکام نے ان واقعات کے بعد خوراک کی فراہمی اور ذخیرہ کرنے کے نظام پر پڑنے والے ممکنہ اثرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سائبر حملوں نے یہ خدشہ بھی بڑھا دیا ہے کہ ڈیجیٹل نظام پر انحصار کرنے والے سپرمارکیٹس کی بنیادی سہولیات کو نشانہ بنا کر بڑے پیمانے پر مسائل پیدا کیے جاسکتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فرانس میں بھی سپرمارکیٹس کے فریج ہیک کیے جانے کے واقعات سامنے آئے تھے۔ اسی نوعیت کے سائبر حملوں کے خدشے کے پیش نظر اسرائیل میں سپرمارکیٹس اور فوڈ کمپنیوں کو بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔