معاملہ ذاتی نوعیت کا ہے ، کسی خاتون کو ہراساں کرنے میں ملوث کسی شخص کو نہیں بخشا جائے گا
لاہور(ان لائن) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ن لیگ کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور اداکارہ مومنہ اقبال کے درمیان تنازعے کے حوالے سے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے حالیہ معاملہ، جس میں مسلم لیگ (ن) کے ایک رکنِ صوبائی اسمبلی اور ایک معروف میڈیا شخصیت شامل ہیں، ایک ذاتی نوعیت کا معاملہ ہے اور اسے مکمل طور پر میرٹ اور قانون کے مطابق نمٹایا جائے گا۔ تاہم میں واضح کر دینا چاہتی ہوں کہ کسی خاتون کو ہراساں کرنے، دھمکانے یا استحصال کی کوشش میں ملوث کسی شخص کو نہیں بخشا جائے گا۔ کوئی فرد، چاہے اس کا عہدہ، حیثیت یا سیاسی تعلق کچھ بھی ہو، قانون سے بالاتر نہیں۔ ریاستی ادارے آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں گے۔ کسی خاتون کو ذاتی مواد منظرِ عام پر لانے کی دھمکی دے کر دباؤ ڈالنے یا استحصال کرنے کی ہر کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔ اسے متعلقہ عناصر کے لیے وارننگ سمجھا جائے۔