جے آئی ٹی نے ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کو بے قصور قرار دے دیا ثبوت لے کر ہر فورم پر جائوں گی:مومنہ اقبال

اللہ تعالی نے ہمیں جھوٹے الزام سے بری کردیا، تمام کیسز فیک تھے ثاقب چدھڑ،  مبینہ ملی بھگت سے تفتیش تبدیل کی گئی،مومنہ اقبال
لاہور (آئی این پی)لاہور کی سیشن کورٹ میں اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کیس کی سماعت کی جہاں مومنہ اقبال کی جانب سے عدنان احسان ایڈووکیٹ جبکہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے بیرسٹر میاں علی اشفاق عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی گرفتاری درکار نہیں اور تفتیش میں دونوں کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے بعد ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ نے اپنی عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں۔ سیشن عدالت لاہور کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی ایم پی اے ثاقب چڈھر نے اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ سچائی کی فتح ہوئی ہے اور ان پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ الحمد للہ! اللہ تعالی نے ہمیں اس جھوٹے الزام سے بری کرکے سرخرو کیا ہے، آج یہ بات پوری طرح سے واضح ہو چکی ہے کہ میرے خلاف بنائے گئے تمام کیسز مکمل طور پر فیک اور من گھڑت تھے، وکیل مومنہ اقبال کاکہناتھا کہ مقدمے کی تفتیش مدعیہ کو بتائے بغیر تبدیل کی گئی،نئے تفتیشی افسر نے مکمل تحقیقات کے بغیر ملزمان کو کلیئر کردیا۔اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستان کی تمام لڑکیوں کی ترجمانی کر رہی ہیں اور اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی پر خاموش نہیں بیٹھیں گی۔اداکارہ مومنہ اقبال نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا لوگوں کی بہنوں کی عزتوں سے کھیلا جائے اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو، ایسا نہیں ہونا چاہیے،این سی سی آئی اے نے مبینہ ملی بھگت سے تفتیش تبدیل کی،مجھے تفتیش تبدیل کیے جانے سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔مومنہ اقبال نے کہا کہ وہ ثاقب چدھڑ کے خلاف تمام ثبوت سوشل میڈیا پر سامنے لائیں گی اور اس معاملے پر ہر فورم سے رجوع کریں گی، مجھے صلح کی پیشکشیں بھی ہوئیں لیکن میں نے صلح نہیں کی۔اداکارہ نے کہا مجھے بہت سارے لوگوں نے یہ کہہ کر خاموش ہونیکا مشورہ دیا کہ میری شادی ہوچکی ہے، تاہم میں نے اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتی پر آواز بلند کی ہے۔