اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا کوئی فیصلہ نہیں کیا:اسد قیصر

اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا کوئی فیصلہ نہیں کیا:اسد قیصر

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے واضح کیا ہے کہ فی الحال اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ’’اگر تحریک عدم اعتماد لانی ہو تو ہم مضبوط بنیاد پر قدم اٹھائیں گے، فی الحال ایسا کوئی ارادہ یا فیصلہ نہیں ہے۔‘‘انہوں نے بیک ڈور مذاکرات کی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’نہ کوئی بیک ڈور ملاقاتیں ہو رہی ہیں، نہ ہی کسی مذاکراتی نشست کی مجھے خبر ہے۔ اگر واقعی مذاکرات ہو رہے ہوتے تو کیا ہمارے ساتھ ایسا سلوک روا رکھا جاتا؟‘‘اسد قیصر نے زور دیا کہ ’’جس کے پاس اختیار ہیں، انہی کے ساتھ بات چیت ہونی چاہیے۔ پی ٹی آئی کے بانی نے بھی واضح کر دیا ہے کہ ہر بات آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر ہوگی۔‘‘ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ’’اس وقت ملک معاشی اور سیاسی طور پر نازک حالات سے گزر رہا ہے، بھارت کے ساتھ کشیدگی بھی بڑھ رہی ہے۔ ایسے وقت میں ہم اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر پاکستان کو ترجیح دے رہے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی جی ڈی اے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی بعض جماعتوں کے ساتھ ایک گرینڈ الائنس میں شامل ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’’مولانا صاحب اپنی سیاست کا خود جائزہ لے رہے ہیں، ہم انہیں مجبور نہیں کر سکتے۔ وہ جیسے مناسب سمجھیں، فیصلے کریں۔‘‘اسد قیصر نے اختتام پر کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کوشش جاری ہے۔