اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے حکومت کی جانب سے عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانے کی کوشش کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے توہین آمیز قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومتی اقدام غیر جمہوری اور سیاسی انتقام ہے۔شیخ وقاص اکرم نے اسلام آباد میں صوبائی مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ وہ پشاور ہائیکورٹ سے راہداری ضمانت لے کر اسلام آباد آئے ہیں جہاں ان کے کارکنان پر سخت سلوک جاری ہے۔ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ صنم جاوید کی ضمانت روک رکھی گئی ہے اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری بھی تعطل کا شکار ہے، جس پر اپوزیشن لیڈرز عمر ایوب اور شبلی فراز نے خطوط لکھے ہیں۔انہوں نے مریم نواز کی جانب سے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے بھارتی نقصان سے متعلق بیان کو ملک دشمنی قرار دیا اور کہا کہ یہ سوچ پاکستان کے مفاد کے خلاف ہے۔ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت پاکستان کی بھارت کے خلاف بڑی فوجی کامیابی کے بعد معاشی فائدہ حاصل کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث ڈالر کی قدر بڑھی اور روپیہ گر گیا۔ انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر کے دعوے درست نہیں اور ملکی معیشت بہتر نہیں ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی زرعی پیداوار میں 13 فیصد کمی آئی ہے اور پنجاب کے کسان قرضوں میں دھنستے جا رہے ہیں، گنے کی ملز کا کسانوں سے رویہ قابل مذمت ہے۔
وقاص اکرم نے کہا کہ نوجوان پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کی تفصیلات میڈیا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔مزمل اسلم نے کہا کہ فارم 47 کا ڈیٹا حکومت کے پاس موجود ہے لیکن اس پر کوئی پریس کانفرنس یا ٹاک شو نہیں ہوا۔ انہوں نے حکومت کو معاشی صورت حال کا آئینہ دکھاتے ہوئے بتایا کہ 2021 میں ملک کی گروتھ ریٹ 5.7 فیصد تھی جو اب گھٹ کر 2.68 فیصد رہ گئی ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ گندم کی پیداوار کے غلط اعدادوشمار دیے جا رہے ہیں جس سے سالانہ 3 ارب ڈالر کا نقصان ہوگا، کیونکہ گندم کی پیداوار کم ہو کر 10 ملین ٹن سے 8.2 ملین ٹن رہ گئی ہے۔یہ پریس کانفرنس پاکستان میں بڑھتی ہوئی معاشی مشکلات اور سیاسی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آئی ہے جہاں پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی اور سیاسی اقدامات پر کڑی تنقید کر رہی ہے۔