راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے متعلق پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور پولیس کی 12 رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔ ٹیم کی قیادت ڈی ایس پی آصف جاوید کر رہے ہیں۔
پولیس ٹیم عمران خان کا پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرنا چاہتی ہے، جو کہ 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش کا حصہ ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل پولیس ٹیم تین مرتبہ عمران خان سے یہ ٹیسٹ کرانے کے لیے رجوع کر چکی ہے، لیکن عمران خان نے تحریری طور پر انکار کر دیا تھا۔
تفتیشی ٹیم میں شامل افسران:
انسپکٹر محمد اسلم
انسپکٹر محمد عالم
انسپکٹر محمد ارحم
پنجاب فرانزک یونٹ سے عابد ایوب
جیل ذرائع کے مطابق، پولیس ٹیم نے یہ اقدام انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے کیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ فرانزک شواہد کی روشنی میں کیسز کی تفتیش کو آگے بڑھایا جائے۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق کیسز میں عمران خان کو اہم ملزم قرار دیا جا رہا ہے، اور ان ٹیسٹس کے ذریعے ان کے بیانات کی تصدیق کا ارادہ ہے۔