ٹی ٹی پی کے خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب، بچوں کے ہاتھوں میں بندوق تھما دی

چند ویڈیوز سے خوارج کا کنٹرول ثابت نہیں ہوتا، یہ خوف اور پروپیگنڈے کے ذریعے جھوٹا تاثر گھڑنے کی کوشش ہے:ذرائع
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹی ٹی پی کے خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا جنہوں نے بچوں کے ہاتھوں میں بندوق تھما دی۔کمسن بچوں کو اسلحہ دینا بہادری نہیں بلکہ قوم کے مستقبل سے کھیلنے کی سفاک کوشش ہے، یہ معصوم ذہنوں کو شدت پسندی کی فیکٹری میں دھکیلنے کی سازش ہے۔چند ویڈیوز سے خوارج کا کنٹرول ثابت نہیں ہوتا، یہ خوف اور پروپیگنڈے کے ذریعے جھوٹا تاثر گھڑنے کی کوشش ہے۔ جو گروہ بچوں کو گھٹیا نعرے لگوائے اور گن کلچر سکھائے، وہ عوام کا خیرخواہ نہیں، معاشرے کا دشمن ہے۔درخت جلوانا، ہتھیار دلوانا اور بچوں کو استعمال کرنا، یہ طاقت نہیں، تباہی کا طریقہ کار ہے۔ آج اگر قوم خاموش رہی تو کل انہی بچوں کے ہاتھوں میں قلم نہیں، بارود ہوگا۔ خوارج کا بیانیہ اسلام نہیں، فساد، جبر اور انسانی وقار کی تذلیل ہے۔