بھارتی ناظم الامور کو پاکستان کے جوابی اقدامات کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں: سفارتی ذرائع
اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے ان کے ملک کی جانب سے کیے گئے جارحانہ اقدامات پر احتجاجی مراسلہ حوالے کردیا۔سفارتی ذرائع نے کہا کہ دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی ناظم الامور گیتکا سری واستو کو طلب کیا گیا اور پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کے جارحانہ اور یکطرفہ اقدامات پر احتجاج کرتے ہوئے ایک ڈی مارش ان کے حوالے کیا گیا۔سفارتی ذرائع نے کہا کہ دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی ناظم الامور کو ایک نوٹ وربیل بھی دیا گیا جس میں پاکستان کے جوابی اقدامات کی تفصیلات درج ہیں۔سفارتی ذرائع نے کہا کہ دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو باضابطہ تحریری طور پر پاکستان کے فیصلوں سے آگاہ کر دیا۔بھارتی ہائی کمشن کے ڈیفنس، ایئر اور نیول اتاشی کو ناپسندیدہ قرار دینے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ڈیفنس، نیول اور ایئر اتاشی و سپورٹنگ اسٹاف کو پاکستان چھوڑنے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔اس میں بھارتی ناظم الامور کو سفارتی تعلقات نچلی سطح پر لانے کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔