گاڑیوں کیلئے چھ لینوں پر مشتمل ٹول پلازہ میں ایم ٹیگ کی سہولت بھی متعارف
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور رنگ روڈ پر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔ رنگ روڈ ایسٹرن ٹول پلازہ کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل ہونے کے بعد جدید نظام کو باضابطہ طور پر فعال کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب بھرتھ، چیئر پرسن پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی صفی اللہ گوندل، ایف ڈبلیو او اور ون نیٹ ورک کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔جدید طرز پر تعمیر کیے گئے چھ لینوں پر مشتمل ٹول پلازہ میں ایم ٹیگ کی سہولت بھی متعارف کرا دی گئی جسکے ذریعے گاڑیوں کی آمدورفت کو زیادہ تیز اور منظم بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر مواصلات نے کہا پنجاب بھر کے ٹول پلازوں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ٹریفک کے بہاو کو مزید موثر بنایا جا سکے۔چیئر پرسن رنگ روڈ اتھارٹی نے کہا نئے ڈیجیٹل سسٹم سے شہریوں کو آسانی ہوگی، ٹریفک کے بہاو میں بہتری آئے گی اور ٹریفک جام جیسے مسائل میں کمی ہوگی۔ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے رنگ روڈ پر گزرنے والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ بھی ممکن ہو سکے گی، جس سے مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی اور ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔