گاڑیوں کی لائیو مانیٹرنگ شروع، گشت روٹس کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے وڑن محفوظ پنجاب کے تحت رنگ روڈ پولیس کے پیٹرولنگ نظام کو مؤثر بنانے کے لیے تمام پولیس موبائل گاڑیوں میں جدید ٹریکرز نصب کردیے گئے۔ چیئرپرسن پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی صفی اللہ گوندل کی ہدایت پر چیئرپرسن آفس، کمانڈنٹ آفس اور کنٹرول روم میں گاڑیوں کی لائیو مانیٹرنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔ جدید ٹریکرز کے ذریعے پولیس موبائلز کی پوزیشن اور نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ اس نظام سے پیٹرولنگ کی کارکردگی، فوری رسپانس اور ایندھن کی بچت میں بہتری متوقع ہے۔ مانیٹرنگ سیل سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس طلب کرلی گئی ہیں تاکہ پولیس گاڑیوں کے گشت اور کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جاسکے۔ چیئرپرسن صفی اللہ گوندل نے واضح کیا کہ مقررہ گشت روٹس کی خلاف ورزی، ڈیوٹی میں غفلت یا گاڑیوں کی غلط پوزیشن ظاہر کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔