اموات میانوالی میں ہوئیں، کئی درخت بھی اکھڑ گئے، آج بھی بارش کا امکان
چلاس میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی ،درجنوں مکانات ،رابطہ سڑکیں مکمل تباہ
لاہور،میانوالی،چلاس (خصوصی رپورٹ )پنجاب میں گزشتہ روز کئی مقامات
پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ،اس دوران میانوالی میں مکان کی چھت گرنے سے 2بچیاں جاں بحق اور 2افراد زخمی ہو گئے، آج بھی مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے،دوسری طرف چلاس میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی مچ گئی،درجنوں مکانات اوررابطہ سڑکیں مکمل تباہ ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران بنیادی طور پر موسم گرم اور خشک رہا تا ہم چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ، میانوالی میں بارش کے دوران تیز ہواؤں کے باعث کئی مقامات پر سولر پلیٹیں اور سائن بورڈ ہوا میں اڑ گئے، درخت اکھڑ کر زمین بوس ہو گئے جبکہ محلہ کوہاٹیاں میں مکان کی چھت گرگئی اورملبے تلے دب کر 2 بچیاں جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے ،ریسکیو 1122کی ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ لاہورمیں گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 36سینٹی گریڈرہا ،آلودگی کی مجموعی شرح 133فیصد رہی ۔ آج منگل کو لاہور ، فیصل آباد سمیت مختلف علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہیتاہم ۔ ادھر پختونخوا کے ضلع دیامر کے بالائی اور دور افتادہ علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ اور موسلادھار بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، درجنوں مکانات، کھڑی فصلیں، باغات اور رابطہ سڑکیں مکمل تباہ ہو گئیں،وادی کھنبری میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ۔پولیس حکام نے خبردار کیا ہے کہ سیلابی ریلوں نے مختلف مقامات پر سڑکوں اور راستوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا،دور افتادہ وادیوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ، کھانے پینے کی اشیا اور راشن کی شدید قلت پیدا ہو چکی ۔پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور ان تک فوری امداد پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔