کرم تنازع: فریقین کاٹل پارا چنار روڈ کھولنے پر اتفاق

 پائیدار امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،  بنکرز بھی گرائے جارہے ہیں،وزیراعلیٰ پختونخوا
پشاور(آئی این پی ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں پائیدار امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، 121سال پرانے تنازع کے مستقل حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کرم کے 121سال پرانے تنازع کے مستقل حل کے لیے کوششیں جاری ہیں، جرگے کے فیصلے کے مطابق بنکرز گرانے کا عمل بھی جاری ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کرم میں پائیدار امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور امن دشمنوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ دوسری جانب ممبر کرم جرگہ ارشاد حسین بنگش نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرم میں بنکرز گرائے جا رہے ہیں، دونوں فریقین نے اسلحہ جمع کرانے کا لائحہ عمل دیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ6لاکھ آبادی کے لیے بھیجے جانے والے امدادی ٹرک ناکافی ہیں جبکہ علاقے میں پٹرول کا مسئلہ ہے، تعلیمی ادارے بند ہیں اور مریضوں کو مسائل ہیں۔ارشاد بنگش کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین روڈ جلد از جلد کھلنے پر متفق ہیں۔