چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گاؤ جیاکون نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگ کو مزید پھیلنے سے روکا جائے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان نے کہا کہ خلیج اور اس سے منسلک سمندری راستے عالمی تجارت کے لیے نہایت اہمیت رکھتے ہیں، اور اگر ان علاقوں میں جنگ جاری رہی یا شدت اختیار کی تو عالمی معیشت پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔چینی ترجمان نے زور دیا کہ:"عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس سنگین صورتحال کو معمول پر لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔ موجودہ حالات میں کشیدگی کا خاتمہ نہ صرف خطے بلکہ دنیا بھر کے لیے ضروری ہے۔"ترجمان نے مزید کہا کہ چین امن و استحکام کی حمایت کرتا ہے اور کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف ہے۔ چین نے خلیج میں امن، بات چیت اور سفارتی کوششوں کے فروغ پر زور دیا ہے تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے اور کسی بڑی جنگ سے بچا جا سکے۔بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان تنازعے نے شدت اختیار کر لی ہے، اور کئی علاقائی ممالک جنگ کے ممکنہ اثرات سے دوچار ہیں۔