بانی پی ٹی آئی سے رابطے میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں:عمر ایوب کا الزام

 بانی پی ٹی آئی سے رابطے میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں:عمر ایوب کا الزام

تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے الزام عائد کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے رابطہ ممکن نہیں رہا اور ان تک رسائی جان بوجھ کر ناممکن بنائی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں بیرسٹر گوہر علی اور اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا:"ہمیں قومی اسمبلی میں بولنے کا موقع نہیں دیا جا رہا، اسپیکر اور پیپلز پارٹی آپس میں ملے ہوئے ہیں، بلاول بھٹو کی تقریر کے بعد مجھے بولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔"انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران پر حملے کی تحریک انصاف بھرپور مذمت کرتی ہے۔ عمر ایوب کا کہنا تھا:"امریکہ نے ایران پر حملہ کر کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے، ہم ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔"اپوزیشن لیڈر نے موجودہ حکومت کے بجٹ پر بھی شدید تنقید کی، ان کا کہنا تھا:"یہ بجٹ ملکی معیشت کو مکمل تباہی کی طرف لے جائے گا، ملک بینکوں سے قرضے لے کر چلایا جا رہا ہے، جبکہ عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھایا جا رہا ہے۔"
دوسری جانب بیرسٹر گوہر علی نے دعویٰ کیا کہ جب انہیں ایوان میں بولنے کا موقع دیا گیا تو ان کا مائیک بند کر دیا گیا:"اسپیکر کا رویہ جانبدارانہ ہے، ہمیں ایوان میں مؤثر آواز اٹھانے سے روکا جا رہا ہے۔"تحریک انصاف کے رہنماؤں نے حکومتی طرزِ عمل کو جمہوریت کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔