بارش ، گرمی میں کمی ،لیسکو کے 120 فیڈر ٹرپ

درجہ حرارت 36ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ،مزید بارش کا امکان ،کے پی کے میں 3 روز میں 6 افراد جاں بحق 
پشاور، لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور میں بادل برس پڑے، درجہ حرارت میں کمی سے حبس کا زور ٹوٹ گیا۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں ہربنس پورہ ، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شملہ پہاڑی، فیروزپور روڈ، کلمہ چوک، کینال روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، انارکلی، اسلام پورہ، گلشن راوی اور سبزہ زار میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ 24گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش برسنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ، ہوا میں نمی کا تناسب 70فیصد تک پہنچ گیا ،ہوا کی رفتار 13کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب شہر میں ہونے والی بارش کی وجہ سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا۔لیسکو کے 120سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔