میدانی علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری، سیاحوں کوغیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت ،آج بھی بادل برسنے کا امکان
لاہور،راولپنڈی ،اسلام آباد (کرائم رپورٹر،بیورو رپورٹ )لاہور سمیت ملک بھر کے میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا،کئی علاقوں میں برف باری بھی جاری ہے ، لاہور میں ایبٹ روڈ، لکشمی، گوالمنڈی،جوہرٹائون، جیل روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہو ئی۔ بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا اور لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔دوسری جانب ترجمان سینٹرل ریجن کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے ایم 2 کے مختلف مقامات پر بوندا باندی ہوئی، پنڈی بھٹیاں ملتان موٹروے ایم 4 کے مختلف حصوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔ مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ ، میاں چنوں، خانیوال، بہاولپور، احمد پور شرقیہ اور رحیم یار خان میں بھی بارش ہوئی۔ ملکہ کوہسار مری میں بھی برفباری شروع ہو گئی ، ڈپٹی کمشنر مری نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کو پھسلن سے محفوظ بنانے کیلئے نمک پاشی کے عمل کو مزید مئوثر بنایا جائے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے سیاحوں اور مقامی افراد کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صرف مکمل تیاری کے ساتھ ہی مری کا رخ کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے متعدد علاقوں میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا، 35سال بعد چمن بھر میں شدید برف باری ہوئی۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق برف باری اور بارشوں کا یہ سپیل شدید ترین ہو سکتا ہے۔ میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی و بالائی علاقوں میں آج بھی برفباری کاقوی امکان ہے۔