دودھ فروش ہنی ٹریپ کا شکار ،پولیس اہلکار ملوث نکلا

نامعلوم خاتون دودھ پہنچانے کے بہانے متاثرہ شخص کو ساتھ لیکر گئی، نائب ہیڈ محرر منظراور دوست ندیم گرفتار
لاہور( کرائم رپورٹر) شاہدرہ ٹائون میں دودھ فروش کے ساتھ ہنی ٹریپ کا واقعہ پیش آیا جس میں پولیس اہلکار بھی ملوث نکلا ۔پولیس کے مطابق نامعلوم خاتون نے دودھ فروش کو اپنے گھر دودھ پہنچانے کا کہا اور ساتھ گھر لے گئی، جس کے بعد اسے کمرے میں بند کر کے ساتھیوں کے ساتھ ملکر تشدد کا نشانہ بنایا۔ملزموں نے دودھ فروش سے ایک لاکھ 8 ہزار روپے لوٹ لئے اور پھر اسے چھوڑ دیا۔ اس واردات میں پولیس اہلکار بھی ملوث تھا جسے شناخت کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار اہلکار کی شناخت منظر کے نام سے ہوئی جو تھانہ شاہدرہ ٹائون میں نائب ہیڈ محرر ہے، ملزم کی نشاندہی پر اس کے ساتھی ندیم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان سے تفتیش شروع کردی جبکہ دودھ فروش کو ٹریپ کرنے والی خاتون کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔