ہنی ٹریپ: خواجہ سرائوں کیساتھ پولیس اہلکار بھی ملوث

 خواجہ سرائوں نے شہری کو فلیٹ پر بلایا ، ساتھیوں سے مل کر تشدد کیا 40ہزار نقدی چھین لی ،واش روم میں بند رکھا
 پولیس بلا لی ،اہلکاروقاص، سلیمان، عمیر اور عرفان نے شناختی کارڈ کی کاپی اور گیارہ ہزار نقدی چھین لی، مقدمہ درج 
لاہور(کرائم رپورٹر )کوٹ لکھپت کے علاقے میں خواجہ سرائوں کے ذریعے ہنی ٹریپ کا انکشاف ہوا ہے جس میں پولیس اہلکار بھی ملوث پائے گئے۔لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں دو خواجہ سرائوں نے قصور کے شہری بلال کو ٹریپ کر کے اپنے فلیٹ پر بلایا جہاں انہوں نے ساتھی خواجہ سرئواں کے ساتھ مل کر شہری پر تشدد کیا اور چالیس ہزار نقدی چھین لی،بعد ازاں شہری کو واش روم میں بند کر دیا گیا۔کچھ دیر بعد فلیٹ پر چار پولیس اہلکار آئے اور خواجہ سرائوں نے شہری کو ان کے حوالے کیا۔ پولیس اہلکاروں نے شہری کو دھمکیاں دے کر شناختی کارڈ کی کاپی اور گیارہ ہزار نقدی چھین لی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعہ پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹائون کو معاملے کی جانچ کا حکم دیا۔خفیہ تحقیقات اور شواہد کی بنیاد پر پولیس نے خواجہ سرائوں سمیت چار کانسٹیبلز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ گرفتار اہلکاروں میں وقاص، سلیمان، عمیر اور عرفان شامل ہیں ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان کے مطابق ملزمان شہری کو ہراساں کر کے رقم اور قیمتی اشیا چھیننے میں ملوث تھے۔ واقعہ کا مقدمہ نمبر 2462/26 شہری بلال احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے، جبکہ واقعہ میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔