ویب ڈیسک: معروف اداکار کاشف خان کی بیٹی اور مشہور ٹک ٹاکر ربیکا خان کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔
گزشتہ سال ربیکا خان اور حسین ترین کے درمیان بات پکی، ڈھولکی، مایوں اور مہندی جیسی تقریبات ہو چکی تھیں، جو بعد ازاں ایک شاندار منگنی پر اختتام پذیر ہوئیں۔ اُس وقت کئی صارفین نے سوشل میڈیا پر تقریب کے انداز پر تنقید کی تھی۔تاہم اب شادی کی تقریبات نئے جوش و خروش سے دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔
پہلے ڈیٹ فکس
پھر ڈھولکی
اور اب حال ہی میں مایوں کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد ہوا۔مایوں کی تقریب میں ربیکا نے زرد رنگ کی خوبصورت پشواس زیب تن کی، جس کے ساتھ اصلی پھولوں سے تیار کردہ خاص دوپٹہ ان کی شخصیت کو مزید نکھار رہا تھا۔ یہ دوپٹہ بھارت کی ارب پتی شخصیت امبانی خاندان کی بہو رادھیکا مرچنٹ کی شادی کے دوپٹے سے مشابہت رکھتا ہے، جس پر مداحوں نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔دوسری جانب حسین ترین نے اس موقع پر آف وائٹ اور اورنج رنگ کے کنٹراسٹ میں کرتا شلوار زیب تن کیا۔
جوڑے کی قیمت کیا ہے؟
مایوں کی ایک وائرل ویڈیو میں ایک ٹک ٹاکر نے ربیکا خان سے ان کے جوڑے کی قیمت پوچھی، جس پر ربیکا نے پہلے ہچکچاتے ہوئے جواب دینے سے انکار کیا، لیکن بعد ازاں بتایا کہ ان کا لباس 4 سے 5 لاکھ روپے کا ہے۔مایوں کی تقریب میں متعدد معروف ٹک ٹاکرز، قریبی رشتہ دار اور دوست احباب شریک ہوئے، اور خوب ہلہ گلہ کیا گیا۔ربیکا اور حسین ترین کی شادی کی دیگر تقریبات کا بھی جلد انعقاد متوقع ہے، جس کا سوشل میڈیا پر شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے۔