میثاق سنٹرز ، 43 ہزار 633 اقلیتی افراد نے فائدہ اٹھایا

 42 ہزار 565 اقلیتی افراد نے سنٹرز کی سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے میثاق سنٹرز، اقلیتی کمیونٹی کو خدمات کی فراہمی کے لئے مصروف عمل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر کے میثاق سنٹرز سے اب تک 43 ہزار 633 اقلیتی افراد نے استفادہ کیا۔ میثاق سنٹرز پر 5 ہزار 813 اقلیتی افراد کے مسائل حل کئے گئے۔ 36 ہزار 741 اقلیتی افراد کو پولیس خدمت مراکز سے متعلقہ سروسز فراہم کی گئیں۔ 42 ہزار 565 اقلیتی افراد نے میثاق سنٹرز کی سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اب تک 2967 اقلیتی افراد نے استفادہ حاصل کیا۔ 250 اقلیتی افراد کے مسائل حل کیے گئے، 3280 کو خدمت مراکز سے متعلقہ سروسز فراہم کی گئیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس میثاق سنٹرز اقلیتی کمیونٹی کے مسائل حل کرکے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہمیثاق سنٹرز کے پلیٹ فارم سے اقلیتی شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔میثاق سنٹرز کا مسیحی افسران پر مشتمل عملہ ترجیحی بنیادوں پر اقلیتوں کے مسائل حل کر رہا ہے۔