کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں:قطر ، عمان

 امریکی حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور ناقابل قبول ہیں،ایران پرامریکی حملوں کی مذمت
دوحہ(آئی این پی )قطر اور عمان نے بھی ایران پر امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سلطنتِ عمان نے ایران پر امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔سلطنت عمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی اقدامات تنازع کو مزید وسیع کرسکتے ہیں، امریکی حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور ناقابل قبول ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پرامن مقاصد کے لیے نیوکلیئر پروگرامز کا حق ہر ملک کو حاصل ہے اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔دوسری جانب قطری حکومت نے ایران پر امریکی حملوں کو افسوسناک قرار دیا ہے۔قطر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حملے سے خطے میں صورتحال بگڑنے پر افسوس ہے اور ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے خطے اور بین الاقوامی سطح پر تباہ کن نتائج ہوں گے۔