سعودی عرب کے ماحول میں تابکاری کے آثار نہیں ملے:سعودی جوہر ی ریگولیٹر

جدہ؍کویت سٹی (آئی این پی )سعودی جوہر ی ریگولیٹر نے امریکا کے ایران کی جوہری تنصیبات پرحملے کے بعد اہم بیان جاری کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سایٹ ایکس پر سعودی عرب کے نیوکلیئر اینڈریڈیولوجیکل ریگولیٹری کمیشن نے کہا ہے کہ امریکا کے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں سعودی عرب اور خلیجی خطے میں کوئی تابکار اثرات نہیں پائے گئے ۔دوسری جانب کیونا نیوز ایجنسی کے مطابق کویت کے نیشنل گارڈ نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کویت کی فضائی حدود اور پانیوں میں تابکاری کی سطح مستحکم ہے اور صورتحال نارمل ہے۔