خضدار: دہشت گردوں کا حملہ، قبائلی رہنما میر عطاالرحمان مینگل جاں بحق، بیٹے سمیت 4 زخمی

میر عطاالرحمان مینگل ساتھیوں کے ہمراہ آڑنجی جا رہے تھے،موقع پرزندگی کی بازی ہارگئے،علاقے میں سرچ آپریشن شروع
کوئٹہ(آئی این پی )بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردوں نے قبائلی رہنما میر عطاالرحمان مینگل کے قافلے پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے بیٹے سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔اطلاعات کے مطا بق واقعہ اس وقت پیش آیا جب میر عطاالرحمان مینگل اپنے ساتھیوں کے ہمراہ آڑنجی کی جانب جا رہے تھے۔حملے کے فورا ًبعد مقامی افراد اور سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔میر عطاالرحمان مینگل، معروف قبائلی شخصیات میر نصیر مینگل اور میر شفیق الرحمان مینگل کے بھائی تھے، اور علاقے میں ان کا گہرا اثر و رسوخ تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے جبکہ سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور دہشت گردوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔