ایران اسرائیل جنگ کے پیش نظر بلوچستان حکومت نے حکمت عملی طے کر لی

کوئٹہ (آئی این پی ) ایران اسرائیل جنگ کے اثرات سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت نے سرحدی اضلاع کیلئے حکمت عملی طے کر لی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت ایرانی سرحد سے ملحقہ اضلاع کی صورت حال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،جس میں سرحدی اضلاع کے لیے بجلی اور ایل پی جی کے متبادل ذرائع سے حصول کی حکمت عملی طے کی گئی۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وفاق سے رابطے کے ذریعے برقی و ایل پی جی فراہمی بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ایران سے ملحقہ بلوچستان کے علاقوں میں اشیائے خورد و نوش کی قلت نہ ہونے دی جائے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا بارڈر ایریا میں پٹرول کی فراہمی کے لیے وفاقی وزارت پٹرولیم سے رابطہ جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے ایرانی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں فی الحال غذائی قلت کا سامنا نہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا یقینی بنایا جائے کہ بارڈر کی مقامی آبادی کو کسی صورت خوراک کی دشواری نہ ہو۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ پی ڈی ایم اے کسی بھی غیر معمولی صورتحال کے لیے کنٹی جنسی پلان تیار رکھے، اور کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز تمام صورت حال پر کڑی نظر رکھیں۔