ملالہ یوسفزئی نے بچپن سے عالمی مشن تک کے سفر کی ویڈیو شیئر کردی

لندن (آئی این پی )نوبیل امن انعام یافتہ اور لڑکیوں کی تعلیم کی علمبردار ملالہ یوسفزئی نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عزم دہرایا ہے کہ وہ دنیا بھر کی لڑکیوں کے تعلیمی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔یہ ویڈیو ملالہ نے اپنے آفیشل اکائونٹ پر شیئر کی، جس میں ان کے بچپن سے لے کر اب تک کے سفر کی جھلکیاں شامل ہیں، ویڈیو کا آغاز سوات کے علاقے مینگورہ میں ملالہ کی بچپن کی تصاویر سے ہوتا ہے، جہاں انہوں نے طالبان کے دور میں تعلیم کے حق کے لیے آواز اٹھائی۔ویڈیو میں بعد ازاں ملالہ کی جوانی کے مناظر دکھائے گئے ہیں، جہاں وہ عالمی سطح پر لڑکیوں کی تعلیم کے لیے سرگرم دکھائی دیتی ہیں۔ملالہ نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ میری تعلیم کے لیے شروع ہونے والی یہ جدوجہد، اب دنیا کی ہر لڑکی کی تعلیم کو یقینی بنانے کا مشن بن چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب میں 11 برس کی تھی، مجھے اپنے اسکول جانے کے حق کے لیے آواز اٹھانی پڑی کیونکہ طالبان نے لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی لگا دی تھی، مگر جلد ہی مجھے احساس ہوا کہ یہ لڑائی صرف میری نہیں، لاکھوں لڑکیوں کی ہے۔ملالہ نے اپنی پوسٹ کے اختتام میں کہا کہ آج بھی دنیا بھر میں 122 ملین لڑکیاں اسکول نہیں جا رہیں اور میں ان کے مستقبل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گی۔