اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میں کل بارش متوقع
پختونخوا، کشمیر اور گلگت میں لینڈ سلائیڈنگ ،سلسلہ 16 مارچ تک رہیگا
اسلام آباد/لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ موسمیات نے آج اتوار سے ملک کے مختلف شہروں میں بارش کی پیش گوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوا ئوں کا سلسلہ 9 مارچ سے ملک کے شمالی علاقوں میں داخل ہوگا اور یہ سلسلہ ملک میں 16 مارچ تک برقرار رہے گا۔محکمہ موسمیات نے 9 سے 16 مارچ کے دوران چترال، مری، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشوں کی پیشگوئی کی۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ 10 مارچ کو اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، پشاور، چارسدہ اور مردان میں بارش متوقع ہے جبکہ 12 سے 16 مارچ کے دوران پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارشوں کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 14 اور 15 مارچ کو بلوچستان کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے اور بارشوں کے باعث اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے سڑکیں بند ہونے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب نے رمضان المبارک میں مزید بارشوں بارے الرٹ جاری کردیا۔