10 دہشتگرد ہلاک، 2 خواتین خودکش حملہ آور گرفتار

 سوراب اور ضلع مستونگ میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ ، ٹارگٹڈ آپریشنز کئے گئے:آئی ایس پی آر
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 2 خواتین خودکش حملہ آور گرفتار کر لی گئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں، جن کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشنز کئے جا رہے ہیں۔آئی ایس پی آرکے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ ایریا سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کئے گئے، جن میں مجموعی طور پر 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔بیان کے مطابق ضلع سوراب میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔