ڈی ایچ اے فیز 4 میں افسوسناک حادثہ، گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی

ڈی ایچ اے فیز 4 میں افسوسناک حادثہ، گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی

لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 4 میں ایک گھر کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہو گئے، جنہیں ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں اسپتال منتقل کر دیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 19 سالہ آمنہ، 20 سالہ علی، 22 سالہ صائمہ اور 55 سالہ علی شیر شامل ہیں۔ حادثے میں تمام افراد کو چہرے اور سر پر معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد جنرل اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں تمام زخمیوں کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق متاثرہ گھر کی چھت ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھی، جو اچانک منہدم ہو گئی۔ واقعے کے بعد اربن سرچ اینڈ ریسکیو (USR) ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کیا اور متاثرہ مقام کو محفوظ بنا دیا۔ریسکیو آپریشن میں 17 اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ 6 ایمرجنسی گاڑیاں بھی امدادی سرگرمیوں میں استعمال کی گئیں۔ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔