علی امین گنڈا پور وارنٹ گرفتاری برقرار

 آئندہ سماعت پر گنڈاپور اپنا بیان ضرور ریکارڈ کروائیں گے، وکیل صفائی کی یقین دہانی، سماعت ملتوی 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت میں زیر سماعت مبینہ شراب اور غیر قانونی اسلحہ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔گذشتہ روز تھانہ بہارہ کہو میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ ان کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ گنڈاپور سہ پہر 3 بجے ویڈیو لنک کے ذریعے دفعہ 342 کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کروائیں گے۔عدالتی حکم پر کمرہ عدالت میں LCD کا انتظام کر دیا گیا، تاہم انٹرنیٹ کنکشن کے مسائل کے باعث علی امین گنڈاپور کا بیان قلمبند نہ ہو سکا۔ وکیل صفائی نے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سماعت پر گنڈاپور اپنا بیان ضرور ریکارڈ کروائیں گے۔