سپلائی چین متاثر،چینی کی قیمت کنٹرول سے باہر لاہور انتظامیہ چینی سستے داموں فروخت کرانے کے لئے سرگرم
کراچی میں چینی 185 روپے کلو ، شوگر کارٹل کو لگام نہ ڈالی گئی تودام 2 سو روپے ہوجائینگے، گروسرز اینڈ ہول سیلرز
لاہور (کرائم رپورٹر )چینی کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہونے لگیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں چینی کی فی کلو قیمت میں 18 سے 20 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد شہر بھر میں چینی 195 سے 200 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی ہے جبکہ کراچی میں فی کلو چینی کی قیمت 185 روپے ہوگئی ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور میں 50 کلو چینی کی بوری کی قیمت 9100 روپے تک جا پہنچی ہیجب کہ ہول سیل مارکیٹ میں فی کلو چینی 182 روپے میں دستیاب ہے۔ عام دکانوں اور ریٹیل مارکیٹس میں یہی چینی صارفین کو 195 سے 200 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔سپلائی چین متاثر ہونے سے دام میں تیزی برقرار ہے۔دوسری جانب لاہور میں چینی کی صورتحال پر انتظامیہ نے پھرتیاں دکھانا شروع کر دیں، انتظامیہ تھوک مارکیٹ اور شوگر ملز سے مہنگی ملنے والی چینی سستے داموں فروخت کرانے کے لئے سرگرم ہو گئی۔چیئرمین گروسرز اینڈ ہول سیلرز عبدالروٓف ابراہیم کے مطابق کراچی میں فی کلو چینی کی قیمت ایک ہفتے میں 8 روپے بڑھی ہے۔ شوگر مافیا رمضان کے بعد محرم میں بھی چینی کی قیمتوں کو بڑھانے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا ہول سیل مارکیٹ میں چینی مہنگی ہونے سے ریٹیل مارکیٹ میں چینی کے دام مسلسل بڑھ رہے ہیں، شوگر کارٹل کو لگام نہ ڈالی گئی تو ریٹیل مارکیٹ میں چینی کے دام 2 سو روپے ہوجائیں گے۔شوگر ملز سے چینی اوسط نرخ 175 روپے فی کلو تک ہے، تھوک مارکیٹ میں چینی کا نرخ 178 سے 180 روپے کلو تک ہے، پرچون مارکیٹ میں چینی 185 سے 200 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔پرچون کے لئے چینی کا چار ماہ پرانا سرکاری ریٹ 164 روپے کلو مقرر ہے، دکانوں پر 164 روپے کلو چینی فروخت نہ کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ کارروائی کرنے لگی۔انتظامیہ کی کارروائی پر اکثر دکانداروں نے چینی فروخت کرنا ہی چھوڑ دی، چند ہفتے سے چینی کی طلب بڑھنے سے چینی کاریٹ بڑھا دیا گیا، چینی کی قیمت کا تعین کرنے کے لئے بنائی کمیٹی دو ماہ سے زائد عرصے میں بھی کام مکمل نہ کر سکی۔