ویب ڈیسک: بھارت میں شادی کی تیاریوں کا ایک نازک مرحلہ اس وقت ہنگامے میں بدل گیا جب ایک نوجوان نے اپنی منگیتر کے لیے خریدے گئے مہنگے لہنگے کی واپسی نہ ہونے پر کپڑوں کی دکان میں چاقو سے ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس پر صارفین کے دلچسپ تبصرے بھی سامنے آئے ہیں۔
واقعہ کہاں پیش آیا؟
یہ واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر کلیان میں پیش آیا۔ مقامی رپورٹس کے مطابق، سیانی نامی نوجوان کی منگیتر نے تقریباً 32 ہزار بھارتی روپے کا لہنگا خریدا تھا، جو بعد میں اسے پسند نہ آیا۔ واپسی کے لیے جب وہ دکان پر پہنچی تو دکاندار نے جوڑا واپس لینے سے انکار کر دیا۔
نوجوان کا طیش، چاقو سے کپڑے پھاڑ دیے
دکاندار کے انکار پر منگیتر کا ہونے والا شوہر اس قدر غصے میں آگیا کہ وہ چاقو لے کر دکان میں داخل ہوا اور وہاں رکھے قیمتی کپڑوں کو کاٹنا شروع کر دیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ بلند آواز میں چیخ و پکار کر رہا ہے اور کہہ رہا ہے:"اگر میرے پیسے واپس نہ کیے تو تمہیں بھی اسی طرح کاٹ ڈالوں گا!"اس کے بعد وہ لہنگے کے چیتھڑے دکان میں پھینک کر باہر نکل گیا۔
سوشل میڈیا پر تبصرے
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا:"جب واپس کرنا ہو تو خریدا ہی کیوں جاتا ہے؟"جبکہ ایک اور نے طنز کیا:"منگیتر کو خوش کرنے کے چکر میں اب پولیس کی مار کھانے والے ہیں!"
پولیس اور دکان دار کا مؤقف
تاحال پولیس کی جانب سے کسی گرفتاری یا مقدمے کی تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم واقعے کی ویڈیو کی بنیاد پر تحقیقات متوقع ہیں۔ دکاندار کا کہنا ہے کہ:"لہنگا ناقابل واپسی تھا، رسید پر یہ واضح درج تھا، اس کے باوجود اس طرح کا رویہ ناقابل برداشت ہے۔"