غیر قانونی بارڈر کراسنگ کی کوشش ناکام: بلوچستان سے 20بنگلا دیشی گرفتار

گرفتار تمام افراد وزٹ ویزے پر پاکستان آئے تھے،چاغی میں ماشکیل بارڈر کے راستے سرحد عبور کرنے کی کوشش کی
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی تحقیقاتی ادارے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے بلوچستان کے سرحدی علاقے تفتان میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی بارڈر کراسنگ میں ملوث 20غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کر لیا ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار کیے گئے تمام افراد کا تعلق بنگلا دیش سے ہے، جو وزٹ ویزے پر پاکستان آئے تھے۔ ملزمان نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں ماشکیل بارڈر کے راستے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کی۔کارروائی ایف آئی اے نے فرنٹیئر کور حکام کے ساتھ مشترکہ تعاون کے تحت عمل میں لائی، جس دوران مشتبہ نقل و حرکت پر نظر رکھ کر ملزمان کو موقع پر ہی دھر لیا گیا۔ تمام گرفتار شدگان سے تفتیش جاری ہے، جبکہ مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔