غزہ: اسرائیلی فوج فلسطینیوں کے سیکڑوں گدھے چوری کرنے میں ملوث

پہلے اسرائیل سمگل کیا گیا ، بعد ازاں فرانس منتقل کر دیا تاکہ ان کا استعمال تعمیر نو کے مقاصد کے لیے نہ ہو سکے
غزہ(آئی این پی )اسرائیلی فوج غزہ کی سڑکیں تباہ ، پٹی کو ایندھن سے محروم اور ریسکیو سروسز کی گاڑیوں کو تباہ کرنے کے بعد فلسطینیوں کے زیر ملکیت سیکڑوں گدھوں کو اپنا ہدف بناکر چوری کرنے میں ملوث نکلی۔مڈل ایسٹ مانیٹر کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی چینل کان نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مبینہ طور پر غزہ کی محصور پٹی سے سیکڑوں گدھوں کو چوری کرکے انہیں اسرائیل سمگل کیا اور بعد ازاں فرانس منتقل کر دیا تاکہ ان کا استعمال تعمیر نو کے مقاصد کے لیے نہ ہو سکے۔کان کے مطابق غزہ کی پٹی سے درجنوں گدھوں کی منظم لوٹ مار اسرائیلی تنظیموں کے ساتھ ہم آہنگی سے اور یورپی اداروں، خاص طور پر فرانسیسی اور بیلجیئم اداروں کی ملی بھگت سے کی گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان علاقوں سے گدھوں کو لوٹا، جہاں انہوں نے غزہ کے اندر چڑھائی کی، اور اس عمل کو بیماری اور جانوروں کو نظر انداز کرنے سے بچانے کے بہانے کے طور پر پیش کیا۔