نئی فیس موجودہ ویزا درخواست فیس یا I-94 فارم فیس کی جگہ نہیں لے گی، اضافی طور پر وصول کی جائے گی
واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ون بگ بیوٹی فل بل ایکٹ کی منظوری کے بعد امریکا نے غیر امیگرنٹ ویزا ہولڈرز سے 250 ڈالر کی نئی ویزا انٹیگریٹی فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیس یکم اکتوبر سے نافذ العمل ہوگی اور سیاحوں، طلبہ، کاروباری مسافروں سمیت بیشتر غیر ملکی افراد پر لاگو ہوگی۔ یہ نئی فیس موجودہ ویزا درخواست فیس یا I-94 فارم فیس کی جگہ نہیں لے گی بل کہ ان کے ساتھ اضافی طور پر وصول کی جائے گی۔ I-94 فیس کو بھی 6 ڈالر سے بڑھا کر 24 ڈالر کر دیا گیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ H-1B جیسے ویزا درخواست گزاروں پر مجموعی بوجھ 205 ڈالر سے بڑھ کر 455 ڈالر تک جا سکتا ہے۔