رہائشی علاقوں میں کم اور کمرشل ایریاز میں زیادہ فیس عائد کی جائے گی‘ ابتدائی دو ماہ بل پرنٹ کر کے فراہم کئے جائیں گے
لاہور(سپشل رپورٹر )حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں صفائی فیس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ محکمہ بلدیات کے مطابق شہریوں سے دو سو روپے سے لے کر پانچ ہزار روپے تک صفائی فیس وصول کی جائے گی جو رہائشی و کمرشل نوعیت کے علاقوں کے حساب سے مختلف ہوگی۔محکمہ بلدیات پنجاب کا کہنا ہے کہ شہری اور دیہی علاقوں کے لیے فیس کا الگ الگ ڈھانچہ تیار کیا گیا ہے۔ جہاں رہائشی علاقوں میں نسبتا کم اور کمرشل ایریاز میں زیادہ فیس عائد کی جائے گی۔ صفائی فیس کی وصولی کا عمل ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔ تاہم، ابتدائی دو ماہ بلز پرنٹ کر کے فراہم کیے جائیں گے۔ شہری اپنی فیس آن لائن ایپلیکیشن کے ذریعے بھی ادا کر سکیں گے جبکہ ان علاقوں میں جہاں شہری آن لائن ادائیگی نہیں کر سکیں گے وہاں صفائی کمپنیوں کے سپروائزرز فیس وصول کریں گے۔