پنجاب پولیس نے ایک بھی مقدمہ میں ملزمہ پنکی کو گرفتار نہ کیا اور نہ ہی اشتہاری قرار دیا
لاہور(کرائم رپورٹر)کراچی پولیس کی جانب سے دی گئی منشیات فروشوں کی فہرست آئی جی پنجاب کو دی گئی ہے جس کے بعد انمول پنکی کے ساتھیوں کیخلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔پنجاب پولیس کے ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی کے انکشافات کے بعد لاہور میں موجود انمول پنکی کے ساتھیوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔کراچی پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کی دی گئی فہرست میں خواتین کے نام بھی شامل ہیں جبکہ لاہور سے کراچی بذریعہ ٹرین، بسز کوکین منتقل کرنے والے رائیڈرز کو بھی تلاش کیا جارہا ہے۔ اس حوا لے سے ڈی آئی جی انویسٹیگیشن ذیشان رضا نے ایس پی سی آر او کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔زرائع کا مزید کہنا ہے کہ کوکین کوئین انمول پنکی کے خلاف لاہور میں پانچواں مقدمہ منظرعام پرآگیا ہے۔ پولیس کے مطابق گجر پورہ پولیس نے 2018 میں منشیات فروش نواز کو پکڑا جس کے قبضے سے 1100 گرام منشیات برآمد ہوئی تھی پولیس کے مطابق ملزم انمول عرف پنکی سے منشیات لے کر فروخت کرتا تھا اور انمول عرف پنکی ڈیفنس میں واقع اپنی رہائش گاہ سے منشیات فراہم کرتی تھی۔ واضع رہے کہ اس سے قبل ملزمہ کیخلاف کوٹ لکھپت،وحدت کالونی ،لیاقت آباد،اقبال ٹاون اور گجر پورہ میں مقدمات سامنے آچکے تاہم پنجاب پولیس نے ایک بھی مقدمہ میں ملزمہ انمول پنکی کو گرفتار نہ کیا اور نہ ہی تفتیشی ٹیم نے ملزمہ کو کسی مقدمے میں اشتہاری قرار نہیں دیا۔