بنوں: پولیس چوکیوں پر فتنۃ الخوارج کے حملے جوابی کارروئی سے ناکام

دہشت گردوں نے ڈرون اور چھوٹے بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا، جوابی کارروائی پر فرار ہوگئے
بنوں (آئی این پی )خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس کی چوکی مزانگہ اور چوکی شیخ لنڈک پر فتنۃالخوارج کے حملوں کو پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری  سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پسپا کردیا،آئی جی پولیس ذوالفقار حمید اور آر پی او بنوں سجاد خان نے پولیس اہلکاروں کو بروقت کارروائی پر شاباش دی اور انعامات کا اعلان کیا۔ تفصیل کے مطابق گذشتہ شب تھانہ ہوید بنوں کی حدود میں دو پولیس چیک پوسٹوں شیخ لنڈک پر ڈرون اور مزانگہ پر خوارج نے چھوٹے و بڑے جدید ہتھیاروں سے حملے کیے، حملے میں پولیس کی تھرمل کیمرہ ٹیکنالوجی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت، دلیری اور ہوشیاری سے بروقت اور موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں حملوں کو پسپا کر دیا۔بھرپور جوابی کاروائی کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے، جب کہ حملے میں چوکی کی عمارت  پولیس تنصیبات اور نفری محفوظ رہی۔پولیس کی جانب سے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔دریں اثناء آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان نے بنوں پولیس کی جرات مندانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے تمام جوانوں کو شاباش دی اور انعامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتی۔