ضلعی عدالتیں ،1 سال میں 38لاکھ 80ہزارمقدمات کا فیصلہ

پنجاب کی سول کورٹس نے 29لاکھ 11ہزار،سیشن نے 9لاکھ 69ہزارفیصلے کئے
زیر التوا مقدمات کم ہو کر 14 لاکھ42 ہزاررہ گئے ،لاکھوں نئے مقدمات دائر
لاہور(خصوصی رپورٹ)سال 2025 کے دوران پنجاب بھر کی ضلعی عدالتوں میں 38 لاکھ 80ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے جو تاریخی اعتبار سے بڑا سنگ میل ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی بہترین لیڈرشپ، قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کی جانب سے جاری ٹائم لائنز، موثرکیس مینجمنٹ اور جدید اصلاحات کی بدولت صوبہ پنجاب کی ضلعی عدلیہ کی جانب سے شاندار عدالتی کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ انہوں نے عدالتی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام میں شفافیت اور بروقت انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے،عدالتی نظام میں جدید اصلاحات کے نفاذ اور آٹو میشن و انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کی بدولت مقدمات کے فیصلوں کی رفتار میں اضافہ ہواہے۔اعدادو شمار کے مطابق سال 2025 کے دوران صوبہ پنجاب کی تمام سول عدالتوں میں 29 لاکھ11 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے جبکہ اسی عرصہ کے دوران سول عدالتوں میں 28 لاکھ 57 ہزار538 نئے مقدمات دائر کئے گئے صوبہ بھر کی سیشن عدالتوں میں 9 لاکھ69 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے ہوئے اور 9 لاکھ 38 ہزار854 نئے مقدمات دائر کئے گئے۔ صوبہ بھر کی سول و سیشن عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد کم ہو کر 14 لاکھ42 ہزاررہ گئی، جس کی وجہ سے سابقہ مقدمات کی تعداد میں 56 ہزار 58 کی کمی ہوئی ۔