پشاورہائیکورٹ کا شام کے اوقات میں عدالتیں شروع کرنے کا فیصلہ

پشاور (آئی این پی) پشاور ہائیکورٹ نے شام کے اوقات میں عدالتیں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔  تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے پشاور اور ایبٹ آباد کی سیشن کورٹس میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر دوسری شفٹ قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ہائیکورٹ کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق پشاور اور ایبٹ آباد کے جوڈیشل افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ نئی شام کی عدالتوں کے اوقات کار دوپہر ڈھائی بجے سے شام ساڑھے 5 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شام کی عدالتیں سول نوعیت کے کیسز بشمول رینٹ اور فیملی مقدمات کی سماعت کریں گی۔ اس کے علاوہ ان عدالتوں میں منشیات کے مقدمات میں نامزد خواتین اور نابالغ ملزمان کے کیسز بھی سنے جائیں گے۔ ساتھ ہی ایسے منشیات کیسز بھی زیر سماعت لائے جائیں گے جن میں سزائیں 7 سال سے کم ہیں۔