لاہور میں طوفانی بارش ، 250 فیڈرز ٹرپ

مال روڈ، جیل روڈ ، گلبرگ ودیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ، موسم خوش گوار
  طویل بجلی بندش سے شہری پریشان، اہم شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام،درخت گر گئے
 لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں اچانک کالے بادلوں سے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ڑالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔مال روڈ، جیل روڈ اور گلبرگ کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوش گوار ہوگیا۔بارش کے بعد اہم شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام ہوگئی۔کینال روڑ پر فیروز پور روڑ سے مال روڑ ، لبرٹی گول چکر، گورومانگ روڈ ،منی مارکیٹ میں ٹریفک جام رہی،شادمان، جیل روڈ اور اطراف میں ٹریفک سست روی کا شکار،گلبرگ مین بلیوارڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔مغلپورہ سے لال پل تک بدترین ٹریفک جام  رہی۔شہر میں بارش سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بجلی کی بندش سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔لیسکو کے 250 سے زائد فیڈرز سے تاحال بجلی کی سپلائی بند ہوگئی۔ مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر جلنے سے بھی بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔ہربنس پورہ،عامر ٹاؤن میں 4 گھنٹے سے بجلی بند ہے۔ علامہ اقبال ٹاؤن الحمد کالونی  ، غازی روڈ ، مست اقبال روڈ اور ملحقہ آبادی،شنگھائی روڈ پاک ٹاؤن میں بھی  بجلی  غائب رہی۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث شہریوں کومشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔