فروری 2024 سے اب تک پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 9 لاکھ 94 ہزار 36 روزگار کے مواقع پیدا کئے جا چکے ہیں:وزیراعلی کا ایکس پر بیان

 گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح‘مریم نواز نے پنجاب کی پہلی الیکٹرک گاڑی چلائی

لاہور میں پہلی جدید ترین بی وائی ڈی الیکٹرک ٹریفک سے پٹرولنگ کی جائے گی ،وزیر اعلی نے  الیکٹرک گاڑیوں کو بتدریج بڑھانے کی ہدایت کردی
لاہور(سپیشل رپورٹر) ملک بھر میں پٹرولنگ کیلئے پہلی الیکٹرک گاڑی پنجاب کا اعزاز، وزیراعلی مریم نواز شریف نے پاکستان کی تاریخ کے پہلی گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک پٹرولنگ گاڑی کا معائنہ کیا اور الیکٹرک وہیکل کو خود ڈرائیو کیا، لاہور میں پہلی جدید ترین بی وائی ڈی الیکٹرک ٹریفک سے پٹرولنگ کی جائے گی۔اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز شریف کو گرین پولیسنگ یونٹ اور الیکٹراک وہیکل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ماحول دوست الیکٹرک گاڑی کی رینج 410 کلومیٹر فی چارج ہے، الیکٹرک گاڑی 30 سے 80 فیصد تک تقریبا 30 منٹ میں تیزی سے چارج ہو جاتی ہے، الیکٹرک وہیکل میں سرویلنس کا جدید پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360 ڈگری کیمرہ اور سپیڈ ڈیٹیکشن آلات نصب ہیں۔بریفنگ میں کہا گیا کہ پٹرولنگ پر مامور 103 گاڑیاں ماہانہ 28,000 لیٹر ایندھن استعمال، 7.42 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں، الیکٹرک گاڑیوں سے سالانہ فی گاڑی تقریبا 4,500 لیٹر ایندھن کی بچت، آپریشنل لاگت میں کمی اور زیرو کاربن اخراج ہوگا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے گرین پولیسنگ یونٹ کیلئے الیکٹرک گاڑیوں کو بتدریج بڑھانے کی ہدایت کی اور گرین پولیسنگ یونٹ کو مرحلہ وار دیگر اضلاع میں شروع کرنے کیلئے اقدامات کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ایندھن کے اخراجات میں کمی اور زیرو کاربن اخراج کا باعث بنے گا، گرین پولیسنگ صاف ستھری فضا اور گڈگورننس کے وژن کا عکاس ہے۔

 دریں اثناء وزیر اعلی پنجاب مریم نوازنے کہا ہے  فروری 2024 سے اب تک پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 9 لاکھ 94 ہزار 36 روزگار کے مواقع پیدا کیے جا چکے ہیں‘سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ 3 لاکھ 15 ہزار 536 نوکریاں باقاعدہ سرکاری بھرتیوں،ادارہ جاتی اصلاحات اور سروسز میں توسیع کے ذریعے پیدا کی گئیں،مریم نواز ہیلتھ کلینکس، سکولز، ستھرا پنجاب سمیت دیگر منصوبوں سے نوکریاں دی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ 2 لاکھ 3 ہزار روزگار کے مواقع آسان کاروبار فنانس کے تحت ایس ایم ای فنانسنگ کے ذریعے فراہم کیے گئے،4 لاکھ 75 ہزار 500 بالواسطہ اور بالواسطہ پیدا ہونے والی نوکریاں اپنی چھت اپنا گھر، سڑکوں اور دیگر تعمیراتی منصوبوں سے وابستہ ہیں۔