پاکستان سے مل کر روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں:امریکی ناظم الامور

صنعتوں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا رہا ہے،جدت کو فروغ دے رہے ہیں اور باہمی خوشحالی کی بنیاد رکھ رہے ہیں:نیٹلی بیکر 
 کراچی(آئی ا ین پی )امریکی ناظم الامور  نیٹلی بیکر نے 25 سے 31 جنوری تک صوبہ سندھ کا سرکاری دورہ مکمل کیا، جس میں انہوں نے سیاسی قائدین، کاروباری شخصیات اور مقامی نمائندگان سے ملاقاتیں کیں۔ اس دورے کا مقصد اقتصادی ترقی، علاقائی استحکام اور امریکی امتیاز و مہارت کے ذریعے پاک امریکا مشترکہ ترجیحات کو آگے بڑھانا تھا۔سی ڈی اے بیکر کی یہ سرگرمیاں امریکی مشن کی تجارتی، کاروباری اور تکنیکی شعبوں میں پاک امریکا دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے جاری وابستگی کا مظہر ہیں۔ انہوں نے سکھر میں بڑے صنعتی مراکز بشمول امریکی ادارے مونڈلیز انٹرنیشنل کے اشتراک سے قائم جدید کنٹینینٹل بسکٹس فیکٹری کا دورہ کیا۔اس موقع پر نیٹلی بیکر کا کہنا تھا کہ پاک امریکا معاشی شراکت داری کی اس سے بہتر کیا مثال ہو سکتی ہے جہاں ہم مل کر روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں، جدت کو فروغ دے رہے ہیں اور باہمی خوشحالی کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔اس بات پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیاں اور ٹیکنالوجی پاکستان بھر میں صنعتی کارکردگی کو بہتر بنانے اور رسد و ترسیل(سپلائی چین) کے نظام کو جدید خطوط پراستوار اور مضبوط کررہے ہیں۔نیٹلی بیکر نے میرپور خاص میں ایک شگر مل، ایتھانول، کاربن ڈائی آکسائیڈ اور پیپر پلانٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں جدید امریکی ٹیکنالوجی اور رسد و ترسیل کا نظام مثر و معیاری پیداوار کو امریکی منڈیوں تک رسائی کو ممکن بنانے میں مدد دے رہی ہیں۔