ہوائی فائرنگ،پتنگ بازی ،ون ویلنگ غیرشرعی قرار
ایسے خطرناک کھیل خودکشی کے مترادف ، اجتناب ہر مسلمان پر لازم ہے، ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ جیسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات معاشرتی بگاڑ کا سبب اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں ،فتویٰ
لاہور(کرائم رپورٹر)ملک کے نامور علمائے کرام نے ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیلوں کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ جاری کر دیا۔ علمائے کرام کا کہنا ہے کہ اسلام میں ہر وہ عمل جو انسانی جان کو خطرے میں ڈالے، اسلامی تعلیمات کے منافی ہو، سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔علمائے کرام نے اپنے فتویٰ میں واضح کیا کہ اسلام انسانی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے اور ایسے خطرناک کھیل خودکشی کے مترادف ہیں جن سے اجتناب ہر مسلمان پر لازم ہے۔ فتویٰ میں کہا گیا کہ ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ جیسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات معاشرتی بگاڑ کا سبب اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بھی علمائے کرام کے فتویٰ کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام خود کو ہلاکت میں ڈالنے سے روکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پتنگ کی ڈور اور ہوائی فائرنگ کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ ون ویلنگ کے باعث حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔