ترجمان دفتر خارجہ شفقت خان نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اسرائیلی فوج کی جانب سے سیز فائر کے دوران دوبارہ حملوں کی مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان غزہ میں سیز فائر کی حمایت کرتا ہے اور اس خطے کو دوبارہ رہنے کے قابل بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔موروکو میں حالیہ کشتی کے المناک حادثے کے بارے میں بات کرتے ہوئے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خوش قسمتی سے 22 پاکستانی اس حادثے میں بچ گئے ہیں، اور ان کی فہرست بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں اور موروکو حکام نے اس سلسلے میں مکمل تعاون کیا ہے۔
پاکستان اور آذربائجان کے درمیان آج اسلام آباد میں اجلاس ہو گا، جس کے دوران مختلف دو طرفہ امور پر بات چیت کی جائے گی۔افغان باشندوں کے حوالے سے سوال پر، شفقت خان نے کہا کہ پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کے بارے میں پرانی پالیسی پر ہی عمل درآمد جاری رکھا جائے گا، اور ابھی تک اس پالیسی میں کوئی تبدیلی کرنے کے حوالے سے کوئی احکامات نہیں ملے ہیں۔