الیکشن کمیشن کا کسی ایک سیاسی جماعت کی طرف جھکا ئوکا تاثر غلط ہے: ترجمان کی وضاحت

 اسلام آباد (آئی این پی ) الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیشن کا کسی ایک سیاسی جماعت کی طرف جھکا ئوکا تاثر غلط ہے۔الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے عادل بازئی سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن نے عادل بازئی کی قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہلی کے فیصلے کو دوبارہ ویب سائٹ پر آویزاں کردیا۔الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تبصرہ نگار اپنی رائے سے قبل ایک دفعہ فیصلے کو غور سے پڑھ کر فیصلہ کریں کہ کونسا ادارہ جانبدار ہے۔ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن سپیکر قومی اسمبلی سے ڈیکلیئریشن کی وصولی کے 30دن کے اندر فیصلہ کرنے کا پابند ہے۔ ریکارڈ کے مطابق عادل بازئی آزاد امیدوارکی حیثیت سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ نوٹیفیکیشن 15فروری کو جاری ہوا۔ عادل بازئی نے 3 دن کی میعاد کے اندر 16 فروری کو مسلم لیگ( ن) میں شمولیت کا بیان حلفی پارٹی قیادت کو جمع کروایا۔ عادل بازئی کا بیان حلفی 18 فروری 2024 کو الیکشن کمیشن کو موصول ہوا۔ الیکشن کمیشن پاکستان نے 19فروری 2024کو عادل بازئی کی( ن) لیگ میں شمولیت کی منظوری دی۔عادل بازئی کی شمولیت سے متعلق قومی اسمبلی کو  25 اپریل  2024کو  مطلع کیا۔ قومی اسمبلی نے  اپنی ویب سائٹ پر نمبر256 پرعادل بازئی کانام مسلم لیگ( ن)کی فہرست میں شامل کیا۔